ترونت پورم، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ریاست کے پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں فیس میں اضافہ کے خلاف گزشتہ 6 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ممبران اسمبلی کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن یو ڈی ایف نے کانگریس کی قیادت میں آج کیرالہ اسمبلی کا بائیکاٹ کیا۔اسمبلی کے اسپیکر پی شری رام کرشنن نے اس معاملے پر تعطل ختم کرنے کے لیے بحث کی تجویز پیش کی لیکن حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اس پر اتفاق رائے نہیں بن سکا ۔اسمبلی کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر اپوزیشن پارٹی کے احتجاج کے بعد صدر نے وقفہ سوال ملتوی کر دیا۔حزب اختلاف کے رہنما رمیش چینی تھلا نے بتایا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے، کیونکہ ان کے دو ساتھی رکن اسمبلی ریاست کے پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں فیس میں اضافہ کے خلاف بھوک ہڑتال پر ہیں اور وہ ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔حالانکہ وزیر اعلی پنارائی وجین نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی ایوان کے شر وع ہونے کے وقت سے ہی فیس میں اضافہ کے معاملے کو اٹھا رہی ہے اور ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی کا رویہ تعطل کو ختم کرنے والا نہیں ہے۔ان کا رویہ تخلیقی نہیں ہے اور صرف بات چیت میں خلل ڈالنے والا ہے۔وجین نے کہا کہ سی پی آئی(ایم)کی قیادت والی ایل ڈی ایف حکومت نے پرائیوٹ کالجوں کے لیے واضح حدیں متعین کی ہے۔